ٹرمپ صدارت کے آخری لمحات میں تنہا اور اداس تھے

واشنگٹن: ٹرمپ کی صدارت کے آخری لمحات میں سابق صدر کے جذبات کا آنکھوں دیکھا حال امریکی صحافی نے بیان کیا ہے۔
امریکا کے نئے صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کو کور کرنے اور ٹرمپ کی صدارت کے دور میں وائٹ ہاؤس میں رپورٹنگ کرنے والے صحافی نے اپنے انٹرویو میں سابق صدر ٹرمپ کی صدارت کے آخری لمحات کو بیان کیا۔
اپنے انٹرویو میں صحافی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اپنی صدارت کے آخری لمحات میں انتہائی اداس تھے اور انہوں نے خود کو کافی تنہا کرلیا تھا۔
صحافی نے بتایا کہ انہوں نے صدارت کے دوران ٹرمپ کو کبھی اتنا تنہا نہیں دیکھا، وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے قبل اپنی الوداعی تقریب سے ٹرمپ نے انتہائی کم افراد سے خطاب کیا جب کہ اس دوران صحافیوں کی بھی کم تعداد موجود تھی۔
صحافی کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی افسردہ اور جذباتی سا مرحلہ تھا کیونکہ میں نے اس سے قبل صدارتی دور میں ٹرمپ کو اتنا تنہا اور اداس نہیں دیکھا۔
امریکی صحافی کا بتانا تھا کہ کیپٹل ہل حملے کے بعد ٹرمپ کو جہاں اپنے ردعمل پر بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا وہیں انہیں میڈیا نمائندوں کی بھی ناراضی کا سامنا رہا کیونکہ کیپٹل ہل واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کے باہر روزانہ انہیں کور کرنے والے بڑے میڈیا اداروں کے صحافی انہیں فلوریڈا میں کوریج دینے نہیں پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ امریکا کے سابق صدر ٹرمپ نے اپنے حریف جوبائیڈن کی انتخابات میں فتح کو باضابطہ تسلیم نہیں کیا اور انہوں نے نئے صدر کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت نہیں کی تھی جب کہ ٹرمپ نے انتخابات میں شکست کے بعد مسلسل دھاندلی کا الزام عائد کیا لیکن اس حوالے سے عدالتوں میں دائر کیے گئے کیسز میں بھی انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔

last dayTrumpwhite house