سہ فریقی سیریز میں پاکستان کی شاندار کامیابی

مہروز احمد

گزشتہ ہفتے پاکستان نے سہ فریقی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یوں یہ سیریز پاکستان کے نام رہی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے فائنل میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی، یہ کامیابی نہ صرف کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ بلکہ اس نے قومی کرکٹ کو ایک اور کامیابی کی داستان سنادی ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں پاکستان نے 115 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں پورا کیا اور اس کامیابی نے قوم کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کردیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس میچ میں نہ صرف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ شاندار بولنگ اور فیلڈنگ کے ذریعے بھی اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا۔ فائنل میں بابر اعظم کی 37 رنز کی ناٹ آ¶ٹ اننگز نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے ساتھ صائم ایوب نے بھی 36 رنز بنا کر ان کی معاونت کی۔ محمد نواز اس میچ اور سیریز میں اپنے آل را¶نڈ کھیل سے ٹیم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی بولنگ لائن نے سری لنکا کی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بے بس کردیا۔ شاہین آفریدی اور محمد نواز نے تین تین وکٹیں حاصل کر کے سری لنکا کی بیٹنگ کو تہس نہس کردیا۔ اس کے علاوہ، ابرار احمد، صائم ایوب اور سلمان مرزا نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔ اس میچ میں 7 سری لنکن کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، جو پاکستان کی بہترین بولنگ کا مظہر تھا۔ محمد نواز کی شاندار کارکردگی نے انہیں نہ صرف فائنل کا بہترین کھلاڑی بنایا بلکہ انہیں سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی تسلیم کیا گیا۔ ان کی آل رائونڈ پرفارمنس نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کرکٹ کے انتہائی قیمتی کھلاڑی ہیں جو ہر محاذ پر ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں۔ اس سیریز کی فتح پاکستان کرکٹ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے، کیونکہ یہ نہ صرف ایک بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، بلکہ اس میں کھلاڑیوں کی انفرادی محنت، حکمتِ عملی اور ان کی پختہ ارادوں کی عکاسی بھی کی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے یہ ثابت کیا کہ وہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور جب ان کے کھلاڑی میدان میں ہوتے ہیں تو کوئی بھی ٹیم ان کے سامنے نہیں ٹھہر سکتی۔ یہ فتح ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ کرکٹ میں ٹیم ورک اور مسلسل محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے یہ ایک اور یادگار لمحہ ہے اور ٹیم کی اس کامیابی پر ہم سب کو فخر ہے۔ کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کا عروج جاری رہے گا اور ہم امید کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں یہ ٹیم مزید اعزازات جیتے گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کی اس شاندار فتح پر ہم ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور پی سی بی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

Beat Sri lanka in FinalPakistan wonTri Nation Series