کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں جاری سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں میزبان ملک نے بنگلادیش کو 48 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
اس مقابلے میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، کیوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 208 رنز بنائے۔
کیویز کی جانب سے ڈیون کانوے نے 64 رنز اور گلین فلپس نے 60 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ فن ایلن نے 19 گیندوں پر 32 اور مارٹن گپٹل نے 34 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں گلین فلپس نے 19 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 50 رنز اسکور کرکے ٹیم کا اسکور 208 رنز تک پہنچایا۔
بنگلادیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور عبادت حسین نے دو دو جب کہ شریف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم کا آغاز متاثر کن نہ رہا، مقررہ 20 اوورز میں بنگال ٹائیگرز کی ٹیم 7 وکٹوں پر محض 160 رنز بناسکی۔
اوپنر نجم الحسن شنٹو 11، لٹن داس 23، سومیا سرکار 23، عفیف حسین 4، نور الحسن 2 رنز بناسکے۔ کپتان شکیب الحسن نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر 70 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
کیوی گیند بازوں کی جانب سے ایڈم ملنے نے 3، ٹم ساؤتھی اور مچل بریسول نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ سہ فریقی سیریز میں بنگلادیشی ٹیم اب تک کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، بنگلادیشی ٹیم کل پاکستان کے خلاف آخری گروپ میچ میں مدمقابل آئے گی۔