اسلام آباد: متنازع یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔
رجب بٹ اور ندیم نانی والا سائبر کرائم سمیت مختلف مقدمات میں نامزد ہیں اور ان پر بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد ہے۔ دونوں سوشل میڈیا شخصیات نے عدالت میں الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں، جن میں بیرونِ ملک سفر پر عائد رکاوٹ ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق یہ درخواستیں بیرسٹر راجہ قدیر جنجوعہ اور احد کھوکھر کے توسط سے جمع کرائی گئی ہیں۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ انہیں بلاجواز سفری پابندی کی فہرست میں شامل کیا گیا، جس کے باعث ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔
درخواستوں میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، سیکریٹری داخلہ اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے جب کہ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فوری طور پر ان کے نام سفری پابندی کی فہرست سے خارج کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
اب اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان درخواستوں پر سماعت متوقع ہے، جس کے بعد یہ واضح ہوسکے گا کہ عدالت اس معاملے میں کیا فیصلہ کرتی ہے اور آیا دونوں سوشل میڈیا اسٹارز کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت مل پائے گی یا نہیں۔