ایڈمونٹن/ اسلام آباد: کینیڈا میں دو پاکستانی گھرانوں کے ساتھ انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 7 افراد لقمۂ اجل بنے۔ کینیڈا کے صوبے البرٹا کے ایک گھر میں آتشزدگی سے 4 بچوں اور خواتین سمیت 7 پاکستانی جاں بحق ہوگئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق البرٹا کے شہر چیسٹر میئر میں جمعہ کی صبح ہونے والی آتشزدگی میں کراچی سے تعلق رکھنے والے دو گھرانوں کے 7 افراد جاں بحق ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے دو کی شناخت امجد کمال اور رافعہ راشد کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ دیگر افراد میں ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، واقعے میں 4 بچوں سمیت 5 افراد محفوظ بھی رہے۔
کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں محفوظ رہنے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کینیڈا میں 7 پاکستانیوں کی الم ناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے میں کوئی مجرمانہ ہاتھ ملوث نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ ہماری دعائیں، ہمدردیاں المناک واقعے کے شکار افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، حقائق جاننے کے لیے ہمارا قونصل خانہ متعلقہ کینیڈین حکام سے رابطے میں ہے۔
انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہ کا علم تاحال نہیں ہوسکا ہے۔