عدالتی حکم پر گرائی گئی ٹریفک پولیس چوکیوں کی دوبارہ تعمیر

کراچی: سپریم کورٹ کے حکم پر گرائی گئی ٹریفک پولیس چوکیوں کی فلائی اوورز کے نیچے دوبارہ تعمیر شروع کردی گئی ہے، قناتیں لگاکر، کے پی ٹی فلائی اوور، محمودآباد میں بلوچ فلائی اوور کے نیچے چوکی تعمیر کرنے کے لیے پارکنگ ایریا بھی قائم کردیا ہے۔
کراچی میں عدالتی حکم پر ایک طرف تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے تو دوسری جانب ٹریفک پولیس نے کے پی ٹی فلائی اوور قیوم آباد اور بلوچ فلائی اوور محمود آباد کے نیچے دوبارہ ٹریفک چوکیوں کی تعمیرشروع کردی ہے۔ سپریم کورٹ نے فٹ پاتھ گرین بیلٹ اور سڑکوں پر قائم ٹریفک پولیس کی چوکیاں ختم کرنے کا حکم دیا تھا، جسے مسمار کردیا گیا تھا، تاہم ٹریفک پولیس کورنگی نے کے پی ٹی فلائی اوور کے نیچے غیرقانونی چوکی تعمیر کرلی ہے۔


دوسری جانب عدالتی حکم کے برعکس محمود آباد میں بلوچ کالونی ایکسپریس وے فلائی اوور کے نیچے فٹ پاتھ پر قناتیں لگا کر ٹریفک پولیس چوکی کی تعمیرکا کام جاری ہے اور چوکی کے ساتھ فلائی اوور کے نیچے فٹ پاتھ پرغیر قانونی پارکنگ ایریا قائم کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلائی اوورزکے نیچے غیرقانونی تعمیرات پرضلعی اور شہری انتظامیہ نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ محمود آباد میں فلائی اوور کے نیچے ہونے والی تعمیرات کے خلاف مقامی لوگوں کے احتجاج کو بھی ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں نے نظرانداز کردیا ہے جب کہ خلاف قانون تعمیرات بلاخوف وخطر جاری ہیں۔

ٹریفک پولیس چوکیدوبارہ غیر قانونی تعمیر