سیہون: ٹریفک کا انتہائی افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے، ٹول پلازہ کے قریب انڈس ہائی وے پر مسافر وین گڑھے میں گرنے سے 12 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انڈس ہائی وے پر سیلابی پانی کے اخراج کے لیے کٹ لگائے گئے تھے، سیلابی صورت حال کے 2 ماہ بعد بھی کٹ اور کھڈے کو پُر نہیں کیا گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا، لاشوں اور زخمیوں کو عبداللہ شاہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی عمران قریشی کے مطابق حادثے میں 20 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔
عبداللہ شاہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سیہون کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین صدیقی کے مطابق جاں بحق افراد میں 8 خواتین، 6 بچے اور 6 بچیاں شامل ہیں، جاں بحق بچوں کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان ہیں، 2 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
ڈپٹی کمشنر جام شورو فرید الدین مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ مسافر وین میں 33 افراد سوار تھے، حادثے میں 20 افراد جاں بحق ہوئے، 13 کو نکال لیا گیا جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، میتیں آبائی علاقے منتقل کرنے کے لیے ہر سہولت فراہم کریں گے۔
حادثے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔