توشہ خانہ ٹو کیس: بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

اسلام آباد: بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ہائی کورٹ نے ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ موقع ملے تو آذربائیجان جا کر دیکھیں، وہاں ایسا میوزیم ہے جہاں پر گفٹ رکھے جاتے ہیں، پوری دنیا سے صدور کو جو گفٹ ملتے ہیں وہ وہاں رکھتے ہیں، ان کی تصاویر کے ساتھ، مجھے وہاں ہر محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر نظر آئی، بدقسمتی سے کسی اور کی کوئی تصویر نظر نہیں آئی۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ ریاست کو ملنے والا گفٹ جمع کرانا اور ڈیکلیئر کرنا ہوتا ہے، یہ گفٹ ریاست کی ملکیت ہوتا ہے جب تک اسے قانونی طریقے سے خرید نہ لیا جائے، ریاست کے ملکیتی تحفے کو خریدنے سے قبل اپنے پاس نہیں رکھا جاسکتا۔
جسٹس حسن اورنگزیب نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے تو بانی پی ٹی آئی کو ملزم کیوں بنایا گیا؟
ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے جواب دیا کہ کیوں کہ پبلک آفس ہولڈر بانی پی ٹی آئی تھے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ یہ تو جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی طرح کا کیس ہے، اُس کیس میں بھی شوہر کو بیوی کے کیے کا ذمے دار ٹھہرایا گیا تھا، برطانوی وزیراعظم بھی تحائف اپنے ساتھ گھر لے گیا ہے، سب نے اسے کہا تو کہتا ہے کہ رولز کے مطابق لیا ہے، اُسے کہا گیا کہ رولز اپنی جگہ لیکن تمہارا ایک قد کاٹھ بھی ہے، اگر اب یہ بلغاری سیٹ واپس کردیں تو کیا ہوگا؟
پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ نیب قانون میں تو پلی بارگین ہے لیکن اس قانون میں ایسی کوئی شق نہیں ہے۔
جسٹس حسن اورنگزیب نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ جب سے کیس منتقل ہوا آپ نے کوئی تفتیش کی؟
ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ نہیں مجھے ضرورت نہیں پڑی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ بہت شکریہ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے دس لاکھ روپے کے مچلکوں کی عوض بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

Bail grantedBushra BibiImran Khanislamabad High courtPTI FounderTosha Khana Case 2wife