توشہ خانہ ریفرنس، نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری!

اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔ آصف علی زرداری کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طلبی کا اشتہار جاری کردیا۔ اشتہار کے متن میں کہا گیا ہے کہ عدالت اس بات پر مطمئن ہے کہ نواز شریف جان بوجھ کرعدالتی کارروائی سے مفرور ہیں، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی جارہی ہے، نواز شریف ریفرنس کا جواب دینے کے لیے 17 اگست کو عدالت کے سامنے پیش ہوں۔
عدالت نے آصف علی زرداری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی نیب کو ارسال کردیے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ آصف زرداری ایک ضامن کے ساتھ پیش نہ ہوئے تو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔

NawazTosha khana referencezardari