راولپنڈی: توشہ خانہ کیس ٹو میں احتساب عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو سے متعلق درخواستوں پر سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔
دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمان نے سعوی حکومت سے وصول کیا گیا 7 کروڑ 15 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا، ملزمان نے پرائیویٹ فرم سے بلغاری سیٹ کی قیمت صرف 58 لاکھ روپے لگوائی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے دلائل میں کہا کہ توشہ خانہ کیس 2 پہلے ریفرنس سے ملتا جلتا کیس ہے، پہلے اور اس ریفرنس میں ایک جیسے الزامات اور ایک جیسے وعدہ معاف گواہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا ایک توشہ خانہ کے 2 مقدمات کیسے بن سکتے ہیں، بشریٰ بی بی 7 مہینے سے قید ہیں، سپریم کورٹ کے نیب ترامیم بحالی فیصلے کے بعد اس کیس کو ختم ہونا چاہیے۔
وکیل سلمان صفدر کا کہنا تھا، نیب عدالت سے اسپیشل جج سینٹرل کو کیس منتقل ہوا لیکن بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ضمانت نہیں ملی، عدالت سے درخواست کرتے ہیں ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں درخواست ضمانت خارج کردی۔