گوادر میں طوفانی بارشیں، متعدد علاقے زیر آب، شہریوں کی نقل مکانی

گوادر: بلوچستان کے ساحلی حصے گوادر اور ملحقہ علاقوں میں کئی گھنٹوں تک ہونے والی طوفانی بارش نے نظام زندگی مفلوج کردیا۔
گزشتہ روز سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے گوادر میں ہنگامی صورت حال پیدا ہوگئی، شہر میں 185 ملی میٹر تک ہونے والی بارش سے بیشتر علاقے پانی میں ڈوبنے گئے اور ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے، مسلسل بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا، نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے سے شہری محصور ہوکر رہ گئے۔
بارش کے باعث کئی مکانات بھی گرگئے، بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا جب کہ شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں، مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے، گزشتہ کئی گھنٹوں سے بارش کے جاری رہنے والے سلسلے میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر میں 2 روز کے دوران 185 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ جیونی میں 39، سبی اور پسنی میں 2۔2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
بارش کے باعث ساحلی شہر جیونی کی حالت بھی انتہائی مخدوش ہوگئی، جہاں 3 برساتی بند ٹوٹ گئے، جیونی میں ساحل پر موجود کشتیاں سمندر میں بہہ گئیں، کئی مکانات اور چار دیواریاں گرگئیں۔
نکاسی آب کا مؤثر نظام نہ ہونے سے گلی محلے تالاب بن گئے، جیونی میں ریسکیو ٹیمیں بھی نہ پہنچ سکیں، شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔
ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی نے بتایا کہ گوادر میں موسلادھار بارش سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے، متعدد مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے، بڑی تعداد میں گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق بارشوں سے کوئی جان نقصان نہیں ہوا، گوادر کا تربت اور کراچی سے رابطہ بحال ہے، وہ مکانات جن کے گرنے کا خطرہ تھا ان کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان جہانزیب خان نے بتایا کہ ریسکیو کے کاموں میں حصہ لینے کے لیے پی ڈی ایم اے کی 2 ٹیمیں کوئٹہ سے گوادر پہنچ گئی ہیں، ٹیموں کے ساتھ پانی نکالنے والے پمپس، آلات اور کشتیاں بھجوائی گئی ہیں۔

Flood SituationGwaderHeavy rain