شارجہ: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے ناک آؤٹ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، کل پھر پاک بھارت ٹکراؤ ہوگا۔
پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کا کوئی بھی بیٹر قومی فاسٹ بولرز کا سامنا نہ کرسکا۔ پوری ٹیم صرف 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یوں پاکستانی ٹیم نے 155 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
خیال رہے کہ یہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی کامیابی ہے جب کہ مجموعی طور پر کسی بھی ٹیم کی جیت کا نواں بڑا مارجن ہے۔اس سے قبل قومی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرایا تھا۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے، محمد رضوان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔ قومی ٹیم نے آخری اوور میں خوشدل کے 4 چھکوں کی بدولت 29 رنز اسکور کیے۔
ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا،13 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
تاہم ایک وکٹ گرنے کے بعد محمد رضوان اور فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی اور دونوں کے درمیان 116 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر فخر 41 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
میچ کے اختتامی اوورز میں محمد رضوان اور خوشدل شاہ نے تیزی سے رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 20 اوورز میں 193 رنز تک پہنچایا۔
خوشدل شاہ نے اننگز کے آخری اوور میں 4 چھکے لگائے، وہ 15 گیندوں پر 35 رنز جب کہ رضوان 57 گیندوں پر 78 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے احسان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ٹی ٹوئنٹی میچز میں 5 ہزار رنز مکمل ہوگئے۔
محمد رضوان نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کیخلاف اننگز میں 48 واں رن لے کر یہ سنگ میل عبور کیا، محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پانچ ہزار رنز مکمل کرنے والے ساتویں پاکستانی ہیں۔
پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کا کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگرمیں داخل نہ ہوسکا۔ کپتان نزاکت خان 8 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ہانگ کانگ کا 38 رنز پر آل آؤٹ ہونا، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا نواں کم ترین ٹوٹل ہے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4،محمد نواز نے 3 اور نسیم شاہ نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل تھی۔
دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیموں نے سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔گروپ اے سے بھارت اور پاکستان جب کہ گروپ بی سے افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں سپر فور میں پہنچیں۔
سپر فور کے پہلے میچ میں آج شارجہ میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ 4 ستمبر بروز اتوار کو پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔
سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔