نیویارک: ہالی وُڈ کے سپر اسٹار ٹام کروز نے 45 سالہ فلمی کیریئر میں بالآخر پہلا آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیابی حاصل کرلی۔
ٹام کروز کو کسی فلم میں بہترین اداکاری پر آسکر نہیں ملا، بلکہ ہالی وڈ سپر اسٹار کو اعزازی طور پر آسکر ایوارڈ دیا گیا ہے۔
اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کی طرف سے ہر سال سنیما لیجنڈز کو ان کے کیریئر اور فلم انڈسٹری میں شراکت کے لیے اعزازی آسکر دیا جاتا ہے۔
اتوار کو لاس اینجلس میں منعقدہ Annual Governors Awards کی تقریب میں ٹام کروز کو یہ اعزازی آسکر دیا گیا اور انہیں ایک منٹ کی اسٹینڈنگ اویشن بھی ملی۔
63 سالہ ٹام کروز اپنے 45 سالہ شاندار فلمی کیریئر میں 4 بار آسکر کے لیے نامزد ہوئے، لیکن کبھی اسے حاصل نہ کرسکے۔
تاہم پہلی بار آسکر ٹرافی اٹھاکر ٹام کروز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلمیں بنانا وہ نہیں ہے جو میں کرتا ہوں، یہ وہ ہے جو میں ہوں۔
انہوں نے اپنے 45 سالہ فلمی کیریئر میں ساتھ کام کرنے والے اداکاروں، ہدایت کاروں اور ساتھیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اعزازی آسکر حاصل کرنے والوں میں ٹام کروز کے علاوہ کوریوگرافر ڈیبی ایلن، ویژنری پروڈکشن ڈیزائنر وین تھامس اور گلوکارہ ڈولی پارٹن بھی شامل ہیں۔