غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ڈیڈلائن کا آج آخری دن، کل سے آپریشن ہوگا

اسلام آباد/ کراچی: غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے پاکستان چھوڑنے کا آج آخری دن ہے، جس کے بعد کل سے ملک گیر آپریشن شروع کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار فارن ایکٹ 1946 کے تحت تمام صوبوں کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی بے دخلی کا حکم نامہ جاری کردیا، جس کے تحت معمولی جرائم میں انڈر ٹرائل اور سزا یافتہ افغان شہریوں کو بے دخل کردیا جائے گا۔
سنگین جرائم میں انڈر ٹرائل اور سزا یافتہ افغان شہریوں کو بے دخل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کو گھر کرائے پر دینے والے بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں۔
دوسری جانب پنجاب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے انخلا کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جہاں مختلف اضلاع میں ہولڈنگ ایریاز قائم کردیے گئے ہیں جب کہ اسکریننگ اور میپنگ کا عمل بھی حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔
ضروری دستاویزات نہ رکھنے والے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر تک ازخود ملک چھوڑنے کی مہلت دی گئی ہے، غیرقانونی افراد کے انخلا کے لیے رینجزر اوردیگر اداروں کی معاونت حاصل کی جارہی ہے، ہولڈنگ ایریاز اور عارضی کیمپوں میں اشیائے خورونوش، طبی امداد اور سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے قریباً سوا لاکھ افغان شہری واپس اپنے وطن جاچکے ہیں۔
کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا کہ شہر میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی 31 اکتوبر تک رضاکارانہ طور پر اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔
انتظامیہ نے پرانے حاجی کیمپ کے قریب کیمپ قائم کردیے ہیں اور یکم نومبر سے غیرقانونی پناہ گزینوں کو گرفتار کرکے پہلے ان کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا اور یہاں سے انہیں واپس ان کے ملک بھیجا جائے گا۔

DeadlineIllegal AliensLast Day TodayOperation begins tomorrow