سیالکوٹ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی کیوں ہوئی، اس پر گزشتہ عرصے کے دوران بہت چرچے ہوئے ہیں، تاہم اب ان اختلافات نے شعیب کی بہن کے چونکا دینے والے انکشاف کے بعد نیا موڑ لے لیا ہے۔
شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا اور ان کے اہل خانہ دونوں خاموش ہیں، تاہم اب شعیب ملک کی بہن نے دعویٰ کیا ہے کہ ثانیہ مرزا شعیب ملک کے افیئرز کے معاملات سے تھک چکی تھی، اس لیے خلع لیا۔
شعیب ملک بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی کے بعد اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ اپنی تیسری شادی کے بعد نئی زندگی شروع کرچکے ہیں اور تنقید کی وجہ سے اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں۔ تاہم شادی میں ان کے خاندان کی عدم موجودگی نے بہت سے سوالات اُٹھائے، جس کی تصدیق اب ان کی بہن کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا پر بھی شعیب ملک کی بہن کے انٹرویو کے خوب چرچے ہورہے ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ شعیب کی بہن نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے پورے خاندان نے شعیب کی ثنا جاوید کے ساتھ شادی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جس سے ثانیہ سے ان کی طلاق کی وجوہ کے بارے میں قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی۔
شعیب ملک کی بہن نے تصدیق کی کہ اداکارہ ثنا جاوید سے ان کی شادی میں وہ اور اہل خانہ شریک نہیں ہوئے تھے۔ جس کی ممکنہ وجہ ثانیہ سے ان کی علیحدگی پر اہلِ خانہ کی ناراضی ہوسکتی ہے۔