اکاؤنٹس منجمد کرنے ہیں تو ثبوت بھی دینا ہوں گے: حریم شاہ

کراچی: نت نئے اسکینڈلز کے حوالے سے معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے کہا ہے کہ اگر میرے اکاؤئنٹس منجمد کرنے ہیں تو ثبوت بھی دینا ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے لندن میں گفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ کا کہنا تھا کہ اکاؤنٹس منجمد ہونے سے متعلق خبروں کا میڈیا کے ذریعے پتا چلا، پاکستان جاکر ہر ادارے کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں۔
حریم شاہ نے کہا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق ویڈیو مذاق میں بنائی تھی اور اپنی غلطی بھی تسلیم کرتی ہوں، ایف آئی اے کو مجھ سے پتا نہیں کیا ذاتی خلش ہے، ایف آئی اے کو کیا حق ہے کہ ان کی ذاتی دستاویزات میڈیا کو دے، اگر میرے اکاؤنٹس منجمد کرنے ہیں تو ثبوت بھی دینا ہوں گے۔
حریم شاہ نے دوران انٹرویو کہا کہ میں خطروں کی کھلاڑی ہوں، خائف ہونے والی نہیں، میری تمام آمدن قانونی اور ریکارڈ شفاف ہے، ہمارے اداروں کا کام ہماری حفاظت کرنا ہے نہ کہ تنگ کرنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا کسی اور کے نام پر بھی کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، شہزاد اکبر نے اپنی بےعزتی خود کرائی، ان کے مجھ سے متعلق خط کو یہاں کسی ادارے نے کوئی اہمیت نہیں دی، شہزاد اکبر کے چیلے اب بھی میرا میڈیا ٹرائل کرنا چاہتے ہیں۔
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ میں لندن میں انجوائے کررہی ہوں، کسی برطانوی ادارے نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، میرے تمام دعوے ثبوتوں کے ساتھ ہوتے ہیں، الزام لگانے والوں کا مقصد صرف میری کردار کشی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی انکوائری کرنے والے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے متعلقہ حکام کو ٹک ٹاکر کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے خط لکھا تھا۔
حریم شاہ نے چند دن پہلے لندن پہنچ کرغیرملکی کرنسی کے بنڈلز کے ساتھ ایک ویڈیو بنائی تھی، ویڈیو میں حریم شاہ کے پاس بھاری غیرملکی کرنسی دیکھی گئی تھی۔
ویڈیو میں حریم شاہ نے کہا کہ تھا کہ وہ یہ رقم پاکستان سے لیکر بیرون ملک گئی ہیں، ویڈیو میں پاکستانی اداروں کا تمسخر بھی اڑایا گیا تھا۔
بعد ازاں ایف آئی اے نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے منی لانڈرنگ قانون کے تحت انکوائری شروع کرنے کا اعلان کر دیا تھا تاہم اسی روز حریم شاہ نے اس ویڈیو کو ایک مذاق قرار دیا تھا۔

FIAHareem shahInterviewLondonMoney LaunderingTiktoker