کراچی اور حیدرآباد میں مزید 3 نادرا میگا سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی: نادرا کی جانب سے شہر قائد میں 2 جب کہ حیدرآباد میں ایک میگا سینٹر بنایا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نادرا حکام کی جانب سے کراچی، حیدرآباد سمیت دیہی سندھ میں سہولتوں کی فراہمی کے لیے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، نادرا نے سندھ میں مزید 3 میگا سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جن میں سے دو میگا سینٹرز کراچی جب کہ ایک حیدرآباد میں بنایا جائے گا اور تینوں میگا سینٹرز پر دوشفٹوں میں سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں ضلع شرقی اور ملیر میں ایک ایک میگا سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، لیاقت آباد اور کورنگی سینٹرز کی تزئین و آرائش کے بعد دو شفٹوں میں سہولتیں فراہم کی جائیں گی، وراثتی سرٹیفکیٹ اجراء کے لیے عوامی مرکز میں ایک خصوصی سینٹر قائم کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کراچی میں 4 ایم آر وی (موبائل رجسٹریشن وین) کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے، مزید 4 ایم آر وی کی شمولیت کے بعد نادرا سندھ کی موبائل رجسٹریشن وین کا مجموعی فلیٹ 23 کا ہوگیا ہے جب کہ ٹھٹھہ کی تحصیل گھوڑا باری، میرپور خاص کی تحصیل سندھڑی اور عمرکوٹ کی تحصیل سمارو میں نئے سینٹرز قائم کیے جائیں گے، حیدرآباد سمیت دیہی سندھ میں نئے منصوبوں کی تکمیل کی ڈیڈلائن 31 دسمبر ہے۔

HyderabadkarachiNadraSindhThree New Mega Centers