سری نگر: بھارتی فوج کی جارحیت عروج پر پہنچ گئی، مقبوضہ کشمیر میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے، جس سے رواں ماہ کے پہلے 5 دنوں میں شہادتوں کی تعداد 8 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج اور پولیس نے سری نگر میں سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران جارحیت پسند فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 3 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
سری نگر کے علاقے میں تاحال سرچ آپریشن جاری ہے۔ رواں ماہ کے پہلے پانچ دنوں میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
سری نگر پولیس کے چیف نے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح اور علیحدگی پسند تنظیم کے اہم رکن تھے جن سے اسلحہ اور گولابارود بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس چیف نے مودی سرکار کے ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے شہید ہونے والے نوجوانوں میں سے ایک کو پاکستانی شہری قرار دینے کی بے بنیاد کہانی بھی گھڑی، تاہم اس کا کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کرسکے۔