سیکیورٹی اداروں کو دھمکیاں: سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو 34 سال قید کی سزا

گلگت: انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان (جی بی) خالد خورشید کو 34 سال قید کی سزا سنادی۔
گلگت کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق وزیراعلیٰ جی بی خالد خورشید کے خلاف سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سابق وزیراعلیٰ کو 34 سال قید کی سزا سنائی، عدالت نے خالد خورشید پر 6 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
عدالت نے آئی جی پولیس کو حکم دیا کہ مجرم کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا جائے، اس کے علاوہ مجرم کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پر 26 مئی 2024 کو جلسے میں سیکیورٹی اداروں کو سنگین نتائج کی دھمکی دینے کا الزام تھا۔ اس کے علاوہ خالد خورشید پر چیف سیکریٹری اور چیف الیکشن کمشنر جی بی کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام تھا۔
ان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سٹی تھانہ گلگت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
دھیان رہے کہ خالد خورشید مقدمے کی کارروائی سے غیر حاضر اور روپوش رہے۔

34 Years Sentenced in PrisonAnti terrorist courtFormer CM GBKhalid Khursheed