کولمبو: پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہے اور ہم حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے متعلق کولمبو میں کپتانوں کی پریس کانفرنس میں سلمان علی آغا نے کہا کہ بطور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈکپ ہے، جس کے لیے بہت پرجوش ہوں اور امید ہے میری کپتانی میں ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہے اور ہم حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، بھارت کے ساتھ میچ ہوگا یا نہیں اس کا اندازہ نہیں، جو حکومت کہے گی اس کے مطابق ہی چلیں گے، بنگلادیش ٹیم کا ورلڈکپ میں نہ ہونا افسوس ناک ہے۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہم ایشیا کپ کے بعد سے اچھا کھیل پیش کررہے ہیں، پچھلے 6 ماہ سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس مرتبہ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے، امید ہے اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور امید ہے باقی ٹیموں کے خلاف اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
سلمان آغا نے مزید کہا کہ سری لنکا میرے دوسرے گھر کی طرح ہے اور لوگ بہت اچھے اخلاق والے ہیں، جب بھی سری لنکا آکر کرکٹ کھیلی ہے، اچھا محسوس کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس چیز پر زیادہ فوکس نہیں ہے جس کو ہم کنٹرول نہیں کرسکتے، ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے اور ورلڈکپ میں کوئی ٹیم چھوٹی نہیں ہوتی، نیدرلینڈز کے خلاف میچ کی اچھی تیاری کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم اپنی مہم کا آغاز 7 فروری سے نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔