لاہور: معروف ٹک ٹاکر علینہ عامر نے اپنی نازیبا لیک ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ڈیپ فیک ویڈیو قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
علینہ عامر کی ایک ڈیپ فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس پر ٹک ٹاکر نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ٹک ٹاکر نے اس معاملے پر ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں اس موضوع پر بالکل بات نہیں کرنا چاہ رہی تھی اور گزشتہ ایک ہفتے سے خاموشی سے سب کچھ دیکھ اور سن رہی تھی، تاہم جب سیکڑوں ایسی پوسٹ دیکھیں کہ علینہ عامر کی ویڈیو لیک ہوگئی ہے تو پھر میں نے سوچا کہ ایسے لوگوں کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں ایسے لوگوں کا مائنڈ سیٹ دیکھ کر حیران ہوتی ہوں کہ وہ کسی کو بدنام کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، مطلب یہ کہ آپ ایک مس انفارمیشن پھیلارہے ہیں، اس پر تحقیق تو کرلیں کہ جو کچھ آپ شیئر کررہے ہیں وہ حقیقی ویڈیو بھی ہے یا نہیں۔
علینہ عامر کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی اس وقت پنجاب میں بہترین کام کررہی ہے، میں سہیل ظفر چٹھہ سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور لڑکیوں کی اے آئی ویڈیوز بنانے والوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی لڑکی کی فیک ویڈیوز بناکر اسے بدنام کرنا بھی ہراسانی سے زمرے میں آتا ہے، جب کہ یہ عناصر صرف اداکارؤں، ٹک ٹاکر، انفلوئنسرز یا مشہور شخصیات کی ویڈیوز نہیں بنارہے بلکہ بہت سی پرائیویٹ لڑکیوں کی ویڈیوز بھی بنائی جارہی ہیں اور ان کے گھر والوں کو بھیج کر ان کی زندگیاں برباد کی جارہی ہیں۔
علینہ عامر نے مزید کہا کہ الحمدللہ میری فیملی پڑھی لکھی ہے جو مجھ پر پورا بھروسہ کرتے ہیں اور میں ان کا بھروسہ ایسی کوئی حرکت کرکے کبھی نہیں توڑوں گی۔
آخر میں علینہ عامر نے اعلان کیا کہ جس نے بھی مجھے یہ فیک ویڈیو بنانے والے کے بارے میں معلومات فراہم کیں میں اس کو کیش پرائز دوں گی جب کہ آج کے دور میں کسی بھی لڑکی کو خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ اپنے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔