9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں کیساتھ کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی (یومِ سیاہ) پر افواج پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس سانحہ 9 مئی (یومِ سیاہ) پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ہماری قومی تاریخ کے اس سیاہ دن، سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی اور جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا۔ ان شرپسند عناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑ پھوڑ کی، جس کا مقصد ملک میں خودساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں اور ان کے سرغنوں کے ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنادیا۔ ان شرپسند عناصر کا بنیادی مقصد افراتفری پھیلا کر عوام اور مسلح افواج کے درمیان تصادم کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق قومی ہم آہنگی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں ناکام ہونے کے بعد، اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور پرتشدد کارروائیاں کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی ایک مذموم مہم شروع کی۔ ان شرپسند عناصر نے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر شرم ناک طریقے سے خود کو بری الذمہ قرار دینے اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہی وجوہ کی بنا پر 9 مئی کے سانحے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتا ہوسکتا ہے اور نہ ہی انہیں قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔ 9 مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی ہمارے ہیروز کی یادوں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کو اسی طرح کے غلط طرز عمل کے ذریعے بے حرمتی کرنے کی جرأت نہ کرے۔
ترجمان کے مطابق آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے اور پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کرتی ہیں۔ ہمارے شہدا اور ان کے خاندان پاکستان کا فخر ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنے وقار اور عزت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کا پاکستانی عوام کے ساتھ بہت خاص رشتہ ہے۔ آئیے آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی پرزور مذمت اور اپنے پیارے ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔

 

9th May IncidentFacilitatorsISPRNo CompromisePlannerPress Release