اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے ہماری حکومت نج کاری پر فوکس کررہی ہے اور پی آئی اے کی نج کاری اولین ترجیح ہے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) میں سول اور ملٹری قیادت کے لوگ شامل ہیں، ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری پالیسی میں اصلاحات کی جارہی ہیں، پاکستان میں آئندہ ہفتے سرمایہ کاری سے متعلق اچھی خبریں ملیں گی۔
ان کا کہنا تھا ہم ناصرف خطے بلکہ خطے سے باہر سے بھی سرمایہ کاری پاکستان لانا چاہتے ہیں، بیرونی سرمایہ کار زراعت، معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا انسانی وسائل کی ترقی اور اصلاحات پر کام جاری ہے، نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے لیے مختلف ٹریننگ پروگرامز کا آغار کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا خسارے میں چلنے والے اداروں کی نج کاری پر غور کررہے ہیں، ہم نج کاری پر فوکس کررہے ہیں اور ہماری اولین ترجیح پی آئی اے کی نج کاری ہے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے بھی مختلف لائحہ عمل وضع کیے گئے ہیں جب کہ کوئٹہ تفتان ریلوے ٹریک کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔