پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کا امکان

کراچی: پاکستان میں رواں برس رمضان المبارک کے حوالے سے تازہ پیش گوئی سامنے آ گئی۔
محکمۂ موسمیات نے رمضان المبارک کے چاند سے متعلق اپنی تازہ پیش گوئی جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہونے کی توقع ہے، کیوں کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق چاند نظر آنے کے امکانات خاصے مضبوط ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چاند کی پیدائش کے بعد اگلے روز اس کی عمر اور موسم کی صورت حال رویت کے لیے موزوں دکھائی دے رہی ہے، جس کے باعث چاند نظر آنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 فروری کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ اسی بنیاد پر یکم رمضان المبارک 19 فروری کو ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے، تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 18 فروری کو کراچی میں چاند کی عمر قریباً 26 گھنٹے ہوگی۔ اسی روز کراچی میں سورج غروب ہونے کا وقت 6 بج کر 25 منٹ جب کہ چاند 7 بج کر 24 منٹ پر غروب ہوگا، جو رویت کے لیے موزوں دورانیہ سمجھا جاتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے فلکیاتی تجزیے کے مطابق 18 فروری کو چاند نظر آنے کے امکانات کے باعث یکم رمضان المبارک 19 فروری بروز جمعرات ہونے کا امکان ہے، تاہم ماہِ صیام کا چاند نظر آنے سے متعلق حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی کیا جائے گا۔

19 February Prediction1st FastPakistanRamzan ul Mubarak