اسلام آباد: راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 3 سالہ بچے کی ایک آنکھ میں پیدائشی طور پر دو لینس ہونے کا دنیا میں اپنی نوعیت کا دوسرا انوکھا کیس سامنے آیا، بچے کا کامیاب آپریشن کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق جڑواں لینس اور سفید موتیا کا پیچیدہ ترین آپریشن الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال میں کیا گیا ہے، جہاں الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے ماہر ڈاکٹرز نے کامیاب آپریشن کے ذریعے بچے کی بینائی بحال کردی۔
راولپنڈی کے رہائشی محمد احمد کو اپنے تین سالہ بیٹے محمد موسیٰ کی دائیں آنکھ بائیں سے بڑی ہونا محسوس ہوئی، اس نے معائنہ کرایا تو ڈاکٹرز نے بچے کی ایک آنکھ میں دو لینس کی موجودگی کی تصدیق کردی، حالاں کہ ایک آنکھ میں ایک ہی لینس ہوتا ہے۔
ڈاکٹر حنیف کی نگرانی میں کامیاب آپریشن سے دائیں آنکھ سے ایک لینس اور سفید موتیا نکال دیا گیا۔ اب بچہ نارمل زندگی گزار سکے گا اور اس کی بینائی مکمل طور پر بحال ہوگئی ہے۔
قبل ازیں اس نوعیت کا پہلا کیس تیس سال قبل بھارت میں سامنے آیا تھا اور اب یہ کیس پاکستان میں سامنے آیا ہے، دنیا میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا کیس ہے۔