روسی کمپنی کی جانب سے دنیا کا سب سے مہنگا آئی فون 14 متعارف

ماسکو: روسی کمپنی نے ایپل کے آئی فون 14 اور آئی فون 14 پرومیکس کو قیمتی ہیروں سے مرصع کرکے اس کی قیمت آسمان تک پہنچادی۔ اس طرح یہ دنیا کا سب سے مہنگا آئی فون بھی بن گیا ہے، جس کی قیمت 562,700 ڈالر یعنی 16 کروڑ 75 لاکھ بتائی جارہی ہے۔
روسی کمپنی کیوویئر نے فی الحال ان مہنگے ترین آئی فون ماڈل کا اعلان کیا ہے لیکن اس کی مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔ کمپنی نے اسے ڈائمنڈ سنوفلیک ڈیزائن کا نام دیا ہے۔ سب سے پہلے آئی فون پر 18 قیراط سفید سونے (وائٹ گولڈ) کی پرت چڑھائی گئی ہے۔ پھر اطراف میں 570 ہیروں کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔ درمیان میں ایک بڑا پینڈںٹ لگایا گیا ہے، جسے برطانیہ کے مشہور جیولر، گراف نے ڈیزائن کیا ہے۔ پورا فون مکمل طور پر ہاتھ سے بنا ہے، جس نے اس شاہکار کی قیمت کو دوچند کردیا ہے۔
کمپنی کے مطابق وہ نئے آئی فون 15 کو مزید ہیروں سے سجاکر فروخت کریں گے اور اس کی قیمت کچھ اور زیادہ ہوسکتی ہے۔ کیوویئر نے آئی فون کے ہارڈویئر میں کوئی تبدیلی نہیں کی، بس اس کی ظاہری کیفیت کو قیمتی بنایا ہے۔
اس سے قبل کیوویئر کمپنی آئی فون سیون کو ٹائرینو فون پیش کرچکی ہے، جس میں ٹی ریکس ڈائنوسار کا دانت لگایا گیا تھا اور سونے کی کیسنگ بنائی گئی تھی۔

IntroducedMost Expensive Iphone 14Russian Company