نیو ہیمپشائر: امریکا کی ڈارٹ ماؤتھ یونیورسٹی میں پروفیسر میری فلانیگن نے دنیا کی سب سے بڑی جوائے اسٹک تیار کرلی ہے جس کی لمبائی 10 فٹ ہے اور جسے حرکت دے کر ویڈیو گیم کھیلا جاسکتا ہے۔
یہ جوائے اسٹک اٹاری 2600 ویڈیو گیم کونسول کےلیے 2006 میں بنائی گئی، جس کی تیاری میں لکڑی، ربڑ اور فولاد استعمال کیے گئے ہیں۔
اس کا وزن 3000 پاؤنڈ ہے، اسے پچھلے پندرہ سال سے مختلف ملکوں کی صنعتی نمائشوں میں رکھا جاتا رہا ہے لیکن گنیز ورلڈ ریکارڈ نے 2021 میں اسے دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو گیم جوائے اسٹک تسلیم کیا ہے۔ اس کے حوالے سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ 2022 ایڈیشن میں بھی اینٹری شامل کی جائے گی۔
پروفیسر میری فلانیگن کا کہنا ہے کہ یہ جوائے اسٹک بہت وزنی ضرور ہے لیکن سات سے آٹھ سال کا ایک بچہ اسے بہ آسانی حرکت دے کر ویڈیو گیم کھیل سکتا ہے، جس کا منظر بڑی اسکرین پر دکھائی دیتا رہتا ہے