انگوٹھی پر ساڑھے 24 ہزار سے زائد ہیرے جڑنے کا ورلڈ ریکارڈ

نئی دہلی: ایک انگوٹھی میں ساڑھے 24 ہزار سے زائد ہیرے جڑنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم ہوگیا۔ بھارت کی کمپنی نے ایک انگوٹھی پر 24,679 ہیرے جڑ کر ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے، جو سب سے زیادہ ہیروں والی انگوٹھی ہے اور اس کا وزن ایک پاؤ سے بھی زیادہ ہے۔
گلابی اوئسٹرمشروم کی شکل کی یہ انگوٹھی تھری ڈی پرنٹر سے ڈیزائن کی گئی تھی جسے 5 مئی 2022 تک مکمل کیا گیا تھا اور اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس کی باقاعدہ تصدیق کرتے ہوئے سند عطا کی ہے۔

اس انگوٹھی کو ایس ڈبلیو اے ڈائمنڈ نامی فرم نے تیار کیا ہے، فرم منیجر عبدالغفور انادیان نے بتایا کہ اس کا نام ’ایمی‘ رکھا گیا ہے۔ سنسکرت کے اس لفظ کا مطلب لافانیت ہے جس کی خوبصورتی دیکھ کر دنیا بھر کے ڈیزائنر اور زیورات کے ماہرین نے اسے سراہا ہے۔
ایس ڈبلیو اے کے مطابق اس انگوٹھی پر مہارت سے ہزاروں چھوٹے بڑے ہیرے جڑے گئے ہیں جن کا مقصد کمپنی کے برانڈ کو فروغ دینا تھا۔ تاہم ہیرے اس طرح لگائے گئے ہیں کہ واضح دکھائی دیں اور خوبصورتی میں اضافہ کریں۔ اس کی ڈیزائننگ سے قبل ایک نمونہ (پروٹوٹائپ) پلاسٹک کے سانچے میں ڈھالا گیا تھا، لیکن کمپیوٹر کی مدد سے اس کی ڈیزائننگ کی گئی ہے اور کئی ماہرین نے اسے تین مہینے میں خواب سے حقیقت بنایا ہے۔
جب تھری ڈی پرنٹر سے خام سانچہ بنایا گیا تو اس پر مائع سونا انڈیلا گیا اور سرد ہونے پر مشروم کی اطراف 41 پتیاں نمودار ہوگئیں۔ تاہم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے قبل غیرجانبدار ماہرین نے اسے دیکھا، تجرباتی مشاہدہ کیا اور اسے سب سے زیادہ ہیرے والی انگوٹھی کا اعزاز دیا۔
اس انگوٹھی کا وزن 340 گرام ہے اور قیمت 95 ہزار ڈالر سے کچھ زائد ہے۔

24 thousand more than diamonds on the ringsIndiaSWA Diamondsworld record