ورلڈ بینک کی آئندہ سال پاکستان میں مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی

اسلام آباد: ورلڈ بینک نے آئندہ سال پاکستان میں مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کردی۔
عالمی بینک نے پاکستان ڈیولپمنٹ آؤٹ لُک جاری کردیا، جس میں پاکستان کی جی ڈی پی اگلے 3 سال میں 3 فیصد سے کم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 1.8 فیصد، سال 2025 میں 2.3 فیصد اور سال 2026 میں 2.7 فیصد رہنے کا امکان ہے جب کہ رواں مالی سال زرعی شرح نمو 3 فیصد، سال 2025 میں 2.2 فیصد اور سال 2026 میں زرعی شرح نمو 2.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 26 فیصد جب کہ مالی سال 2025 میں 15 فیصد تک اور مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.5 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
ورلڈ بینک کا بتانا ہے کہ رواں مالی سال صنعتی ترقی کی نمو 1.8 فیصد، مالی سال 2025 میں صنعتی ترقی 2.2 فیصد اور مالی سال 2026 میں 2.4 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ رواں مالی سال مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 8 فیصد تک، مالی سال 2025 میں 7.4 فیصد اور مالی سال 2026 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 6.6 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

Inflation ReduceNext YearPredict about Pakistanworld bank