خاتون لڈو کی بازی میں خود کو ہارگئی

نئی دہلی: بھارتی خاتون نے پیسے ختم ہونے کے باعث لڈو کی بازی میں خود کو ہی داؤ پر لگادیا اور شرط ہار گئی۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے دیو کلی کی باسی رینو نامی خاتون کو اپنے مالک مکان سے لڈو کھیلنے کی لت لگ گئی تھی، وہ باقاعدہ شرط لگاکر گیم کھیلا کرتی تھی، لیکن ایک دن پیسے ختم ہوئے تو خاتون نے خود کو ہی داؤ پر لگادیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق رینو کا شوہر راجستھان کے شہر جے پور میں ملازمت کرتا تھا اور جو پیسے بیوی کو بھیجتا وہ لڈو میں شرط لگا کر اڑا دیتی، تاہم ایک دن اس کے پاس پیسے ختم ہوگئے، جس کے بعد اس میں خود کو داؤ پر لگایا اور گیم ہار گئی۔
بعدازاں خاتون نے پریشان ہوکر شوہر کو فون کیا اور معاملے کی وضاحت دی جس کے بعد شوہر فوری گھر آیا اور پولیس میں شکایت درج کرادی۔
خاتون کے شوہر نے بتایا کہ وہ 6 ماہ قبل ہی نوکری کے لیے جے پور گیا تھا، ان کے دو بچے ہیں لیکن اب چونکہ بیوی شرط ہار گئی، اس لیے وہ مکان مالک کے ساتھ قیام پذیر ہے۔
پولیس کے مطابق انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا اور وہ جلد ہی مکان مالک سے پوچھ گچھ کریں گے۔

Ludo Gameuttar PradeshWoman lost herself in game