دارچینی کا استعمال ذیابیطس سے تحفظ میں معاون قرار

لاس اینجلس: امریکا میں نئی ہونے والی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دن میں دو بار غذاؤں کے ساتھ دارچینی کا استعمال ذیابیطس کے خطرے سے دوچار افراد کو بیماری سے بچنے میں مدد دے سکتا ہے۔
یونیورسٹی آف کیلی فورنیا لاس اینجلس کے محققین کو تحقیق میں معلوم ہوا کہ پری ڈائیبیٹک مرحلے میں موجود افراد اگر ایک چائے کا چمچہ دارچینی کا استعمال کرلیں تو ان کے خون میں شوگر کی سطح واضح طور پر کم ہوسکتی ہے۔
پری ڈائیبیٹیز مرحلے میں خون میں شوگر کی مقدار صحت مند مقدار سے بلند ہوتی ہے لیکن اتنی بلند نہیں ہوتی کہ ذیا بیطس کی تشخیص ہوجائے۔
خون میں شوگر کی بلند مقدار ممکنہ طور پر متعدد مہلک پیچیدگیوں کے خطرات رکھتی ہے جن میں قلبی مرض اور سنجیدہ نوعیت کے انفیکشن شامل ہیں۔
تحقیق کے لیے سائنس دانوں نے زیادہ وزن یا مٹاپے میں مبتلا 18 ایسے افراد کا انتخاب کیا جو پری ڈائیبیٹیز مرحلے میں تھے۔ ان افراد کو ایک ماہ تک سادہ کاربوہائیڈریٹ سے بھرپور غذاؤں پر رکھا گیا اور سبزیاں کھانے سے روکا گیا۔
تحقیق میں شریک افراد کی نصف تعداد کو روزانہ دن میں دو بار پلیسبو کیپسول دیے گئے جبکہ دیگر نصف کو ایک چائے کا چمچہ دارچینی کا حامل ایک کیپسول دیا گیا۔
محققین کو معلوم ہو کہ وہ لوگ جنہوں نے دار چینی کے حامل یہ کیپسول کھائے تھے ان کے خون میں پلیسبو کھانے والوں کی نسبت شوگر کی سطحیں انتہائی کم پائی گئیں اور گلوکوز میں کم مقدار میں اضافہ دیکھا گیا۔

CinnamonNew ResearchProtect against DiabetesUnited states of America