کراچی: پاکستانی شادی شدہ جوڑے کا منفرد ریکارڈ، کئی چوٹیاں ایک ساتھ سر کر ڈالیں، احمد عزیر اور انعم عزیر نے حال ہی میں دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی مناسلو سر کی ہے، گزشتہ دنوں اس جوڑے نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کرکے اپنے اس یادگار سفر سے متعلق آگہی فراہم کی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کوہ پیما بیرسٹر احمد عزیر نے کہا کہ ہمارا یہ مشترکہ مشن تھا، شادی کے بعد ہم ہنی مون کے لیے نانگا پربت کے بیس کیمپ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پھر ہم دونوں ہر تین، چار مہینے کے بعد کہیں نہ کہیں جاتے اور کوہ پیمائی کرتے تھے، پھر ہم نے اپنے جنون کو مل کر ایک ساتھ لے کر چلنے کا فیصلہ کیا اور کئی پہاڑوں کو سر کیا۔
بیرسٹر احمد عزیر نے کہا کہ ہم گزشتہ دس سال سے کوہ پیمائی کے حوالے سے مہم جوئی کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ احمد عزیر اور انعم عزیر منگلاک سر اور ہسپر پیک بھی سر کرچکے ہیں جب کہ انہوں نے حال ہی میں مناسلو کی چوٹی سر کی۔
انعم عزیز کوہ پیما، ویٹ لفٹر اور اُن کے شوہر احمد عزیز پیشے کے اعتبار سے بیرسٹر ہیں۔