کویت سٹی: دلہن نے اپنے شوہر سے شادی کے صرف 3 منٹ بعد ہی طلاق مانگ لی۔
سوشل میڈیا سمیت مختلف غیر ملکی ویب سائٹس پر ان دنوں 2019 میں پیش آنے والا واقعہ زیر بحث ہے، جس سے متعلق بتایا جارہا ہے کہ دلہن نے شادی کے 3 منٹ بعد اپنی تذلیل پر دولہا سے طلاق مانگ لی تھی، جس پر اس شادی کو دنیا کی سب سے مختصر شادی ٹھہرایا جارہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے بعد کورٹ سے نکلتے وقت دلہن کا پیر پھسل گیا تھا، جس پر دولہا نے دلہن کی مدد کرنے کے بجائے اس کا مذاق اڑایا اور نئی نویلی دلہن کو بے وقوف کہہ ڈالا، جس پر دلہن طیش میں آگئی۔
اس واقعے کے فوری بعد دلہن نے کورٹ واپس جاکر شادی کروانے والے جج کے سامنے شوہر سے طلاق مانگ لی اور عدالت نے نئے جوڑے کی شادی منسوخ کردی۔
دلہن کے اس فیصلے کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کی رائے تقسیم نظر آتی ہے اور صارفین کی جانب سے اس فیصلے کو کہیں سراہا جارہا ہے تو کہیں تنقید کی جارہی ہے۔