کراچی: پاکستان کے طول و عرض میں گدھوں کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق ملک میں ایک سال میں گدھوں کی تعداد مزید ایک لاکھ 9 ہزار بڑھ گئ،ی جس کے بعد گدھوں کی مجموعی تعداد 59 لاکھ 38 ہزار سے بڑھ کر 60 لاکھ47 ہزار ہوگئی۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ ایک سال میں بھینسوں کی تعداد میں 13 لاکھ 78 ہزار کا اضافہ ہوا، جس کے بعد بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ 63 لاکھ 10 ہزار سے بڑھ کر 4 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار ہوگئی۔
دستاویز میں کہا گیا کہ ایک سال میں بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ 88 ہزارکا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 3 کروڑ27 لاکھ31 ہزارسے بڑھ کر3کروڑ31 لاکھ 19 ہزار ہوگئی جب کہ بکریوں کی تعداد میں 23 لاکھ 58 ہزار کا اضافہ ہوا اور بکریوں کی مجموعی تعداد 8 کروڑ 70 لاکھ 35 ہزارسے بڑھ کر 8 کروڑ 93 لاکھ 93 ہزار ہوگئی۔
دستاویز کے مطابق ملک میں اونٹوں کی تعداد میں 14 ہزار کا اضافہ ہوا اور اونٹوں کی تعداد 11 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ کر 11 لاکھ 77 ہزار ہوگئی جب کہ گھوڑوں کی تعداد میں ایک ہزار اور خچروں کی تعداد میں 3 ہزار کے اضافے کے بعد گھوڑوں کی تعداد 3 لاکھ 83 ہزار اور خچروں کی تعداد 2 لاکھ 27 ہزار ہے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ ایک سال میں مویشیوں کی تعداد میں 21 لاکھ 71 ہزار کا اضافہ ہوا اور مویشیوں کی تعداد 5 کروڑ 75 لاکھ 40 ہزار سے بڑھ کر 5 کروڑ 97 لاکھ 11 ہزار ہوگئی۔