فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خاتمے کا وقت آچکا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ختم کرنے کا وقت آچکا ہے۔
نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے بنائی گئی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گھس بیٹھیے خاص طور پر خیبرپختونخوا میں موجود ہیں، دشمن مذموم مقاصد کے لیے گھات لگائے بیٹھا ہے، پاکستان سے باہر ایجنٹ بیٹھے ہیں، دوست نما دشمن باہر بیٹھے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا دوست نما دشمن پاکستان کے خلاف کمپین چلارہے ہیں، یہ بہت بڑا خطرہ ہے، اسلام آباد پر یلغار چڑھائی ہوئی، سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان اٹھایا گیا، ڈیجیٹل محاذ پرپاکستان کے خلاف زہراگلا جارہا ہے، سوشل میڈیا پر حقائق کو مسخ کرکے پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں ہورہی ہیں، سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور دیں گے، پاکستان کے اندر دشمنوں کے سہولت کار موجود ہیں، دشمن کے سہولت کار پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں، خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں دشمن ہمیں نقصان پہنچانے کے لیے کارروائیوں میں مصروف ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ملک دشمنوں کو کون کون سے ممالک سہولت فراہم کررہے ہیں لیکن ہمارا قومی مفاد سپریم ہے، صوبوں کے ساتھ مل کر امن وامان کی صورت حال کو بہتر بنایا جائے گا۔

Apex Committee MeetingFitna Al KhawarijPM Shehbaz SharifTerrorist