غازی آباد: چوروں نے خالی گھر میں واردات کرتے ہوئے 20 لاکھ مالیت کے زیورات چرالیے، لیکن حیران کن طور پر چند دنوں بعد چُرائے زیورات کا چوتھائی حصہ زیور کوریئر کے ذریعے واپس بھیج دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے شہر غازی آباد میں ایک خاندان دیوالی منانے اپنے آبائی گاؤں گیا ہوا تھا۔ 4 دن بعد واپسی ہوئی تو گھر میں چوری کی واردات ہوچکی تھی۔
چوری کے 4 دن بعد اہل خانہ کو کوریئر کے ذریعے ایک پارسل موصول ہوا، جس میں چرائے گئے زیورات میں سے 5 لاکھ مالیت کے زیورات موجود تھے، تاہم کوئی تحریری پیغام وغیرہ نہ تھا۔
پولیس تاحال اپنی نوعیت کے اس عجیب و غریب واقعے کا معمہ حل نہیں کرپائی ہے۔
پولیس کے مطابق پارسل پر موجود بھیجنے والے کا پتا اور موبائل نمبر غلط ہے۔ کوریئر کمپنی سے تفتیش جاری ہے، لیکن سی سی ٹی وی فوٹیجز سے بھی کوئی مدد نہیں ملی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دو افراد سے شک کی بنا پر تفتیش جاری ہے۔