کراچی: آج شہر قائد میں سورج آگ برساتا دکھائی دیا، درجہ حرارت 41.3 ڈگری کی سطح تک جاپہنچا، کراچی میں جاری گرمی کی غیر معمولی لہر(ہیٹ ویو) میں جمعرات سے کمی آنا شروع ہوگی، منگل کو ہیٹ ویو جیسی صورت حال کے دوران موسم گرم و مرطوب رہا، پارہ دوسرے روز بھی 41.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
شہرمیں منگل کو بھی انتہائی گرم ومرطوب دن ریکارڈ ہوا، سمندری ہواؤں کی بندش کے سبب شدید حبس محسوس کیا گیا، بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں چلنے کے سبب غیرمعمولی حدت رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دوسرے روز بھی 41.3 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد رہا۔
سرکاری ویدراسٹیشن کے علاوہ دیگر پر متفرق درجہ حرارت ریکارڈ ہوئے، گلستان جوہر40 ڈگری، پی اے ایف بیس فیصل 39ڈگری، پی اے ایف بیس مسرور پر 36 ڈگری جب کہ سب سے کم پارہ بن قاسم ٹاؤن میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز میں موجودہ گرمی کی لہر میں بہتری آنا شروع ہوجائے گی۔