کراچی: عدالت عالیہ سندھ نے اعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے والد کی سندھ میں گرفتاری کے خلاف نئی درخواست دائر کی تھی، جس کی فوری سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔
سندھ ہائی کورٹ نے عثمان سواتی کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے منظور کیا، جس پر جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
عدالت نے درخواست پر مختصر سماعت کے بعد مزید مقدمات میں اعظم سواتی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے عثمان سواتی کی دونوں درخواستوں کو یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹسز جاری کردیے۔
سندھ ہائی کورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ سے 14 دسمبر تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی متنازع ٹوئٹ کے کیس میں گرفتار ہیں جنہیں گزشتہ ہفتے سندھ پولیس نے گرفتار کیا اور انہیں بلوچستان سے سکھر منتقل کیا گیا۔