حکومت سندھ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر گھروں کے اندر یا نزدیک قربانی کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ کرونا وائرس میں اضافے کے باعث شہری رہائشی علاقوں میں قربانی کی اجازت نہیں ہے۔
جانوروں کی قربانی کیلئے کھلے میدان کا انتخاب کیا جائے اور جانوروں کی قربانی کرتے ہوئے مجمع اکھٹا نہ ہو۔
محکمہ داخلہ سندھ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس کو کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات بھی کھلی جگہ میں منعقد کئے جائیں گے، اور ایک ہی مقام پر نماز عید کے ایک سے زائد اجتماعات الگ اوقات میں کیے جائیں۔
نمازعید کیلئے آنے والوں کو تھرمل سکینر سے گزارا جائے، نماز کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے اور عید کے اجتماعات میں بیمار افراد، بچوں اور بزرگ شہریوں کو شرکت نہ کرنے دی جائے۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ عید کی نماز پڑھنے والے افراد فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں، اور شہری نماز عید کے بعد ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی گریز کریں