کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکار عمران عباس نے مستقبل سے متعلق پیش گوئی کرنے والی کارٹون سیریز دی سمپسنز میں بے سُرے گانوں کی وجہ سے مشہور گلوکار چاہت فتح علی خان کو دکھائے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
مستقبل کی پیش گوئی کے حوالے سے مشہور دی سمپسنز کارٹون سیریز کی نشریات کا آغاز سال 1989 میں ہوا تھا، اس کارٹون میں کئی ایسے واقعات دکھائے گئے ہیں جنہیں حقیقت میں بھی دیکھا جاچکا ہے۔
دی سمپسنز کارٹون میں دکھائے گئے متعدد واقعات کے سچ ہونے کے بعد اب پاکستانی اسٹار عمران عباس نے کارٹون میں ایک اور پیش گوئی کا انکشاف بھی کردیا ہے۔
عمران عباس نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں دی سمپسنز کارٹون کی ایک قسط کی تصویر شیئر کی، جس میں نظر آنے والے شخص کا حُلیہ بالکل چاہت فتح علی خان جیسا ہے۔
مذکورہ تصویر میں چاہت فتح علی خان سے مماثلت رکھنے والے شخص کے ساتھ کارٹون کریکٹر میگی بھی موجود ہے، جسے وائرل گانے بدوبدی کی ماڈل وجدان راؤ کہا جارہا ہے۔
عمران عباس نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ سمپسنز کارٹون کی پیش گوئی ایک بار پھر سچ ثابت ہوئی، جیسے ماضی میں ہوتی آئی ہیں۔
عمران عباس نے کہا کہ سمپسنز نے پہلے ہی اپنی قسط میں پیش گوئی کردی تھی کہ ہم پر چاہت فتح علی خان کا عذاب مسلط ہوگا۔
عمران عباس کے انکشاف پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا یہ عذاب ہم پر ہی نازل ہونا تھا؟