اسلام آباد: پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل ہوا، جہاں ساتویں فرنچائز ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں خرید لی جب کہ آٹھویں فرنچائز کو اوزیڈ ڈیولپرز نے ریکارڈ 185 کروڑ روپے میں خرید لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دو نئی فرنچائز شامل کرنے کے لیے آج بولی کا عمل اسلام آباد جناح کنونشن میں جاری ہے، جس میں دس گروپس شرکت کررہے تھے، تاہم علی ترین گروپ نیلامی سے عین وقت پر دست بردار ہوگیا بعدازاں 9 گروپس نیلامی میں شریک ہوئے۔
ساتویں فرنچائز کی نیلامی کے لیے اولین رقم ایک ارب 10 کروڑ روپے رکھی گئی، آئی ٹو سی گروپ کی جانب سے ایک ارب 55 کروڑ روپے کی بولی دی گئی، پرزم گروپ نے پانچ منٹ کے وقفے کے بعد مزید بولی بڑھانے سے معذرت کر لی۔
ایف کے ایس نے بولی میں 13 کروڑ کا اضافہ کیا جس پر بولی 1ارب 68کروڑ تک پہنچ گئی۔ آئی ٹو سی نے نئی پی ایس ایل ٹیم کے لیے 1ارب 70کروڑ کی بولی لگا دی تاہم ایف کے ایس گروپ نے 1 ارب75 کروڑ کی بولی لگاکر ساتویں فرنچائز کی نیلامی جیت لی اور اس فرنچائز کا نام حیدرآباد رکھنے کا اعلان کیا۔
پی ایس ایل کی آٹھویں تیم کے لیے 170 کروڑ بیس پرائز رکھی گئی، آئی ٹو سی گروپ نے 172 کروڑ روپے کی آفر کی، جس کے جواب میں ایم نیکسٹ گروپ نے 173 کروڑ روپے کی پیش کش کردی تاہم آئی ٹو سی نے اس کے بعد وقفہ لیا۔
ایم نیکسٹ نے وقفے کے بعد 176 کروڑ کی بولی لگا دی، اوزیڈ ڈیولپرز نے 178 کروڑ کی پیش کش کردی۔
آئی ٹو سی نے 180 کروڑ روپے کی بولی لگادی جبکہ اوزیڈ ڈیولپرز نے وقفہ لے لیا اور واپسی پر 181 کروڑ روپے کی بولی لگا دی جبکہ آئی ٹو سی نے 182 کروڑ کی پیش کش کردی۔
اوزیڈ ڈیولپرز نے بولی میں بڑی چھلانگ لگائی اور پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 185 کروڑ روپے کی بولی لگا دی اور لیگ کی مہنگی ترین ٹیم خرید لی۔
اوزیڈ ڈیولپرز کے حمزہ مجید نے ریکارڈ بولی کے حوالے سے بتایا کہ پہلے سے منصوبہ بندی تھی لیکن فیصلہ عین وقت پر ہوا، ایک بجٹ تھا لیکن بجٹ ذرا اوپر گیا لیکن ہمیں آج جیت کر جانا تھا۔
حمزہ مجید نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کا نام سیالکوٹ ہوگا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے اوزیڈ ڈیولپرز کے حمزہ مجید کو آٹھویں ٹیم کی چابی تھمادی۔
قبل ازیں تقریب کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی۔
ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے انعام میں دیے گئے۔