لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ سری لنکا کے شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے دورۂ سری لنکا کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز گال اور کولمبو میں کھیلی جائے گی جب کہ ٹیم دو روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔
پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی تک کھیلا جائے گا۔
یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں پاکستانی ٹیم نے گزشتہ سال 342 رنز کا ہدف عبور کرکے چار وکٹوں سے ٹیسٹ میچ جیتا تھا، یہ اس گراؤنڈ پر سب سے بڑا ہدف عبور کرکے ٹیسٹ جیتنے کا ریکارڈ بھی ہے۔
کولمبو کا سنہالیز اسپورٹس کلب 24 سے 28 جولائی تک دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔
پاکستانی ٹیم نے سنہالیز اسپورٹس کلب میں آخری مرتبہ 2014 میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا، اس میدان میں پاکستانی ٹیم 6 ٹیسٹ میچ کھیل چکی ہے جن میں سے ایک جیتا ہے، ایک میں اسے شکست ہوئی ہے جب کہ چار ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم 9 جولائی کو کولمبو پہنچے گی، ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم 11اور 12 جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم نے آخری مرتبہ گزشتہ سال جولائی میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا جہاں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی، دونوں ٹیسٹ میچز گال میں کھیلے گئے تھے۔
پاکستان نے پہلا ٹیسٹ چار وکٹوں سے جیتا تھا، سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں 246رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کردی تھی۔
دھیان رہے کہ پاکستانی ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کی پہلی سیریز ہے۔
دورہ سری لنکا کے لیے اعلان کردہ قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر اور نائب کپتان) عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود۔