جیانژی: چین میں لال مرچ پاؤڈر اور خشک ثابت مرچوں کی حامل کافی توجہ کا مرکز بن گئی، سوشل میڈیا پر یہ کافی خاصی وائرل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ جیانژی کے گانژہو شہر میں ایک کافی شاپ نے انتہائی عجیب آئس کافی متعارف کرائی ہے، جس میں ثابت مرچوں اور لال مرچ پاؤڈر کو ملایا جاتا ہے۔
Jingshi Coffee نامی کیفے نے اپنی اس آئس کافی کو دسمبر میں متعارف کرایا تھا، لیکن اس مشروب نے دیکھتے ہی دیکھتے بہت جلد مقبولیت حاصل کرلی۔ اور کیفے اب 300 کپ فی دن کی شرح سے اسے فروخت کررہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پلاسٹک کے کپوں میں کافی کو دکھایا گیا ہے، جس میں خشک ثابت مرچیں اور مرچ پاؤڈر ملایا جاتا ہے۔ جن لوگوں نے اسے آزمایا ہے وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ مشروب عام کافی سے تھوڑا زیادہ مسالے دار ہے، لیکن بدذائقہ بالکل نہیں۔
کیفے کے ایک ملازم نے کہا کہ یہ زیادہ مسالے دار نہیں ہے۔ اس کے برعکس اس کا ذائقہ اچھا ہے۔ یہ کافی اتنی عجیب نہیں جتنا لوگ سوچتے ہوں گے۔ ایک گاہک نے اس مشروب کے بارے میں سوشل میڈیا پر کمنٹس میں لکھا کہ مرچوں پر مبنی یہ کافی بری نہیں۔ اس کا ذائقہ قدرے مسالے دار اور تھوڑا میٹھا ہے۔