چیف الیکشن کمشنر کیخلاف دائر ریفرنس پی ٹی آئی نے واپس لے لیا

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف جوڈیشل کمیشن میں دائر ریفرنس پی ٹی آئی نے واپس لے لیا۔
چیف الیکشن کمشنرکے خلاف دائر کردہ ریفرنس رجسٹرار آفس پہنچنے کے فوری بعد ہی واپس لیا گیا۔
ریفرنس میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ تبدیل ہونے کے نکات شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ریفرنس میں مزید قانونی پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس ضمن میں پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنرکے خلاف ریفرنس کو روکا ہے، مزید شواہد ساتھ لگارہے ہیں۔
فواد چوہدری نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں ردوبدل کیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے میں ردوبدل کے نکات ڈال کر دوبارہ ریفرنس دائر کریں گے۔
دھیان رہے کہ آج ہی پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف جوڈیشل کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔
بابر اعوان کی وساطت سے دائر ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر جان بوجھ کر بدانتظامی کررہے ہیں اور آئینی ذمے داریاں احسن طریقے سے ادا نہیں کررہے۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو عہدے سے ہٹایا جائے، گزشتہ ماہ پی ڈی ایم وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی تھی جس میں چیف الیکشن کمیشن پر ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ جلد سنانےکے لیے دباؤ ڈالا گیا، ملاقات کے چند روز کے بعد ہی ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ سنادیا گیا۔

Against Chief Election CommissionerFawad Chaudharymedia talkPTI LeaderPTI reference witdrawn