کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ قبول نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
ایک غیر ملکی اسپورٹس چینل کی جانب سے انٹرویو میں وسیم اکرم سے سوال کیا گیا کہ وہ پاکستان اور آسٹریلین ٹیم میں کس کی کوچنگ کو ترجیح دیں گے؟ اس پر سوئنگ کے سلطان نے حیران کن جواب دیا کہ میں کینگروز کی کوچنگ کرنا چاہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلین ٹیم کی کوچنگ کو ترجیح دینے کی وجہ میری اہلیہ نہیں بلکہ دباؤ کی کمی ہے، جس کی وجہ سے مجھے کوچنگ کی ذمے داریوں پر توجہ مرکوز کرنے کا بہتر موقع ملے گا۔
قبل ازیں گزشتہ دنوں وسیم اکرم نے 1999 کے ہوبارٹ ٹیسٹ کی کچھ یادیں تازہ کیں تھی۔
واضح رہے کہ سابق کرکٹر اس وقت پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے دوران کمنٹری پینل کا حصہ ہیں جب کہ پاکستان سپر لیگ میں معروف فرنچائز کراچی کنگز کے ڈائریکٹر کی ذمے داریاں بھی نبھارہے ہیں۔