اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آج ایک ایسے منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں جس سے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن منصوبے سے پاکستان میں انقلاب آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے کوئی جعلی پلاٹ، رشوت لے کر جھوٹی فرد، سرکاری یا نجی زمین پر جعلی قبضہ نہیں کر سکے گا۔ اس منصوبے سے صرف اسلام آباد میں 300 ارب سے زیادہ حکومتی زمین حکومت کو واپس ملی۔
وزیراعظم کے وژن کے مطابق پرانے پٹوار نظام کو جدید ڈیجیٹل آن لائن نظام میں تبدیل کرنے کے لیے کیڈسٹریل میپنگ کے منصوبے کے تحت سروے آف پاکستان نے جیوگرافک انفارمیشن سسٹم( جی آئی ایس) کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی جدید ترین ڈیجیٹل نقشہ سازی کاعمل مکمل کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سروے آف پاکستان کو کیڈسٹریل میپنگ کا کام سونپا گیا جس کا بنیادی مقصدنقشہ سازی ومساحت کے موجودہ نظام کو جدید اور ڈیجیٹل فارمیٹ میں تبدیل کرنا ہے۔
اس منصوبہ کے پہلے مرحلہ میں 3 بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور ملک کی سرکاری اراضی کا ڈیجیٹل ڈیٹا تیارکرنا شامل ہے ، منصوبہ کی کل لاگت 1994 ملین روپے ہے