اسلام آباد: قومی اسمبلی سے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔
اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ اگر مفتی عبدالشکور زندہ ہوتے تو اعتماد کے ووٹ 181 ہوتے تاہم انہوں نے 180 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
دھیان رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ظہرانے میں مشاورت کی جس کے بعد انہوں نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اتحادی ارکان اسمبلی سے مشاورت کی تو اتحادیوں نے انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ہمیں آپ پر پورا اعتماد ہے آپ کبھی بھی ایوان سے اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد ایسے لوگوں کو پیغام دینا ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم کمزور ہیں یا پارلیمنٹ وزیراعظم کے ساتھ نہیں ہے۔