اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاری بحران کے خاتمے کے لیے بامقصد مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکا اور ایران کی رضامندی کی صورت میں مذاکرات کی میزبانی کرنا پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی جاری کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور تنازع کے جامع تصفیے اور بامعنی مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے اور اسے اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا بیان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کے صدر اور امریکی مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف کو ٹیگ کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کا تعمیری کردار جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوا کہ امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، وٹکوف اور جیرڈ کشنر ممکنہ طور پر اگلے ہفتے اسلام آباد میں ایران کے ہونے والے مذاکرات کی نمائندگی کریں گے۔
دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا اگر فریقین راضی ہیں تو پاکستان اپنی ثالثی میں میزبانی کے لیے تیار ہے۔