اسلام آباد: وزیراعظم عمران ٖخان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی خاطر روزگار کے لیے 2 پروگرام لارہے ہیں، 50 ہزار اسکالرشپس ہائر ٹیکنالوجیز کے لیے دی جائیں گی۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں نوجوانوں سے مخاطب ہوئے کہا کہ کوشش ہے نوجوان آبادی کو روزگار فراہم کیا جائے تاکہ یہ ملک کو ترقی دے سکیں، دنیا بھر میں روزگار پرائیویٹ سیکٹر میں ملتا ہے یا لوگ اپنا کاروبار شروع کرتے ہیں، ایک لاکھ 70 ہزار اسکل ایجوکیشن کے لیے اسکالرشپس دے رہے ہیں، نوجوانوں کو اپنے کاروبار کے لیے 100 ارب روپے کا فنڈز مختص کیا گیا ہے، کوشش ہے کہ ہر سال نوجوانوں کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا ہے، دنیا میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع نجی شعبہ فراہم کرتا ہے۔