اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا، جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس کا 12 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارتوں، ڈویژنز میں خالی آسامیوں پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ پیش کرے گی۔ کابینہ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو اور اسپیشل رائٹس فورس کے قیام کی منظوری دے گی۔
سی پیک کیٹیگری ویزہ میں اتھارٹی کو بطور اہم اسٹیک ہولڈر شامل کرنے کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ افغان شہریوں کی پاکستان آمد کے لیے ویزہ فیس میں کمی کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزارت داخلہ کی 8 ڈالر سے زائد ویزہ فیس میں چھوٹ کی سمری کی منظوری، اوور سیز پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کے اجرا کے لیے آٹومیشن نظام کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔
میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے میرٹ کا نظام وفاقی ریگولیٹر کے ماتحت کرنے کی سمری سمیت ای سی سی اور کابینہ کمیٹی ٹرانسپورٹ و لاجسٹک کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے